نئی دہلی، 20؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ہوئے پٹنہ-اندور ایکسپریس حادثے میں بڑی تعداد میں لوگوں کے مارے جانے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے معاوضہ کی رقم کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ پٹنہ-اندور ایکسپریس کے پٹری سے اترنے کی وجہ سے ہوئی اموات کو لے کر ہو ئے دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا، میری دلی ہمدردی متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔مودی نے کہا کہ ریلوے کے وزیر سریش پربھو خود حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میری دعائیں اس اندوہناک ریل حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں کے ساتھ ہیں۔میں نے سریش پربھو سے بات کی ہے،وہ اس صورت حال پر گہری نظر بنائے ہوئے ہیں۔انہوں نے حادثے میں ہلاک ہوئے لوگوں کے لواحقین کے لیے وزیر اعظم قومی راحتی فنڈ سے دو -دو لاکھ روپے اور شدید طورپر زخمی ہوئے لوگوں کے لیے 50-50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔قابل ذکرہے کہ کانپور دیہات ضلع کے پوکھرایاں کے پاس آج صبح اندور-پٹنہ ایکسپریس کے 14ڈبے کے پٹری سے اتر جانے کی وجہ سے 96افراد ہلاک جبکہ تقریبا 226زخمی ہو گئے۔